ہفتہ، 3 اگست، 2019

اندھے قتلوں کا سراغ مل گیا ، ملزمان گرفتار

Image may contain: 6 people, people sitting
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)    پخوشاب پولیس نے قتل اور ڈکیتی کی دو اندھی وارداتوں کا سراغ لگا کر دونوں وارداتوں میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لے لیا۔ یہ انکشاف ڈی پی او خوشاب رانا شعیب محمود نے ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اُنھوں نے بتایا کہ قتل کی پہلی واردات محلہ علی پورہ میں ہوئی تھی جہاں ایک شادی شدہ خاتون مسماة ماریہ کی نعش اُس کے گھر کے واش روم سے ملی تھی۔ پولیس نے نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا تھا۔ جبکہ قتل اور ڈکیتی کی سنگین واردات راولپنڈی روڈ پر شوالہ کے قریب ہوئی تھی جس میں نامعلوم ڈاکو نے ٹرالر نہ روکنے پر ٹرالر کے ڈرائیور عبدالجبار ولد عبدالغفار چھینہ ساکن منکیرہ کو چھریوں کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا تھا۔ دونوں وارداتوں کے ملزمان کی گرفتاری پولیس کیلئے چیلنج بنی ہوئی تھی۔ ڈی پی او خوشاب نے ان دونوں وارداتوں کا سراغ لگانے کیلئے ڈی ایس پی صدر فرخ سہیل سندھو کی زیر نگرانی ایس ایچ او تھانہ خوشاب انسپکٹر راجہ ارشد عباس اور تفتیشی افسران سب انسپکٹر راجہ ظفر عباس اور سب انسپکٹر عبدالرحیم پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی جس نے شبانہ روز جدوجہد کے بعد ان دونوں سنگین وارداتوں کا سراغ لگا کر ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ محلہ علی پورہ میں قتل ہونیوالی خاتون ماریہ کا قاتل اُس کا شوہر وقار احمد نکلا ملزم نے پولیس کے سامنے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اُس نے ماریہ کو گھریلو ناچاقی کی بنا پر قتل کیا ہے۔ شوالہ کے قریب ڈکیتی کی مبینہ واردات کے دوران ڈرائیور عبدالجبار کا قاتل اُس کے ٹرک کا کنڈیکٹر عزیز اﷲ ولد محمد اسلم بلوچ ساکن منکیرہ نکلا۔ عزیز اﷲ نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ اُسے شبہ تھا کہ عزیز اﷲ نے اس کی اہلیہ کیساتھ ناجائز تعلقات استوار کررکھے ہیں۔ اس بنا پر اُسے چھریاں مار کر قتل کیا اور قتل کی سنگین واردات کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔
-