ہفتہ، 14 ستمبر، 2019

گرلز کالج کی زمین ناجائز قابضین سے واگزار

نوشہرہ وادی سون(نمائندہ خوشاب نیوز ڈاٹ کام ،ملک فرحان فاروق اعوان) حکومت پنجاب کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر عمران نصیر کی زیر نگرانی گرلز ڈگری کالج روڈ کو ناجائز قابضین سے قبضہ چھڑا کر کشادہ کرا دیا گیا ہے موضع سبھرال میں واقع گرلز ڈگری کالج روڈ کے آس پاس کے زرعی مالکان نے عرصہ دراز سے راستہ کو اپنی زمینوں کے ساتھ ملایا ہوا تھا شہریوں کی درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے 15مرلہ زمین کو واگزار کرکے کالج جانیوالی سڑک کو کشادہ کرادیا گیا ہے اس موقع پر نائب تحصیل دار محمد عظیم جسرا حلقہ پٹواری منشا خان اور شہری موجود تھے اے سی نوشہرہ عمران نصیر نے کہا کہ گورنمنٹ کی پراپرٹی پر اگر قبضہ مافیا قابض ہے تو شہری نشاندہی کریں تاکہ اس پر عمل درآمد کیا جاسکے۔

 نوشہرہ وادی سون(نمائندہ خوشاب نیوز ڈاٹ کام)الکرم فرینڈز انٹرنیشنل کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد جاوید اقبال کھارا نے پریس بریفنگ میں اخبار نویسوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مفسر قرآن،مفکر اسلام حضرت ضیا الامت جسٹس پیر محمد کرم شاہ الازہری کے سالانہ عرس پاک 18,19,20ستمبر کے انتظامات کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں الکرم فرینڈز کا ایک اہم اجلاس ہوا جس میں طے پایا کہ سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیرہ شریف حضرت پیر محمد امین الحسنات شاہ سابق وفاقی وزیرمذہبی امور،چیئر مین الکرم فرینڈز کی ہدایت پر ملک بھر سے آستانہ عالیہ بھیرہ شریف کے مریدین کیلئے الکرم فرینڈز کے کارکنان استقبالیہ کیمپ لگائیں جائیں گے عرس پاک کے موقع پر فول پروف سیکورٹی انتظامات ہونگے جس کیلئے الکرم فرینڈز کے 500رضا کار اور دارالعلوم محمد یہ غوثیہ کے 1000طلبا انتظامیہ کے ساتھ سیکورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

 نوشہرہ وادی سون(نمائندہ خوشاب نیوز ڈاٹ کام)چیف آرگنائزر جمعیت علماء پاکستان (نیازی گروپ)پیر محمد امیر سلطان چشتی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے ایام سلامتی کے ساتھ گزر رہے ہیں پاک آرمی کے اداروں سمیت انتظامیہ و پولیس اور رضا کاروں کا بہتر کردار ہے جو مبارکباد کے مستحق ہیں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام ہمیں بھائی چارے ایثار محبت کا درس دیتا ہے امام عالی مقام نے جانوں کے نذرانے پیش کرکے دین اسلام کو بچایا ماہ محرم ہمیں امن و آشتی کے ساتھ رہنے اور ایک دوسرے کے احترام کا درس دیتا ہے۔