بدھ، 18 ستمبر، 2019

ڈی پی ایس، 9thسے سیکنڈ ایئر تک شام کی جبری ٹیوشن کا حکم

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈسٹرکٹ پبلک سکول جوہرآباد کی انتظامیہ نے نہم سے بارہویں تک کے طلبا و طالبات کے لیے شام کو اپنے ہی ٹیچرزکی قائم کردہ اکیڈمی میں ٹیوشن پڑھنا لازمی قرار دیدیا، طلبا و طالبات اور والدین پریشان۔ڈی پی ایس کی انتظامیہ نے سکول کے ٹیچرز پر مشتمل سکول میں ہی ایک اکیڈمی قائم کی ہے جس کے بارے کلاس نہم سے بارہویں تک کے طلبا و طالبات کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ تین ہزار ماہانہ فیس کے عوض شام کو ساڑھے تین بجے سے شام چھ بجے تک ٹیوشن پڑھنا ہوگا۔ 18ستمبر سے اسکی باقاعدہ رجسٹریشن شروع کردی گئی ہے۔ طلبا بالعموم اور طالبات بالخصوص اس فیصلے سے پریشان ہیں کہ انہیں شام کو ایک 
بار پھر سکول جانے کے لیے کنوینس کا بھی انتظام کرنا ہو گا کیونکہ پہلے تو وہ اپنے گھروں میں یا گھروں کے قریب شام کو ٹیوشن پڑھ لیتے ہیں۔بعض والدین نے بھی ڈی پی ایس کی انتظامیہ کے اس فیصلے کو بلاوجہ پریشانی و مالی بوجھ قرار دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خوشاب سے مطالبہ کیا ہے کہ اس نامناسب فیصلے کو فوری طور پر کالعدم قرار دلوایا جائے۔ سوشل میڈیا پر بھی اس بارے احتجاجی پوسٹس سامنے آئی ہیں ۔معروف تاجر رہنما و صحافی میاں عرفان بابر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر سکول انتظامیہ کے اس عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔