پیر، 16 ستمبر، 2019

منڈی مویشیاں کو واپس خوشاب لایا جائے

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)کسان بورڈ ضلع خوشاب کا نمائندہ اجلاس بورڈ کے صدر اختر اسلام بالی ایڈووکیٹ کی زیر صدارت دفتر مارکیٹ کمیٹی جوہرآباد میں منعقد ہوا جس میں پنجاب اسمبلی کی رُکن ّحترمہ ساجدہ بیگم نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اجلاسمیں کسان بورڈ کے عہدیداروں سمیت نوشہرہ ، قائدآباد ، نورپور کے کسان نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں ضلع خوشاب کے کاشتکاروں بالخصوص چھوٹے کسانوں کو درپیش مسائل و مشکلات کا جائزہ لیا گیا اور اُن کے حل کیلئے لائحہ عمل طے کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کسان بورڈ کے صدر اختر اسلام بالی ایڈووکیٹ نے کہا کہ نہر مہاجر برانچ میں پانی کی قلت کے باعث کسانوں کو فصلات کی آبپاشی میں شدید دشواریاں حائل ہیں۔ اُنھوں نے کہا کہ نہر میں ضلع خوشاب کے کوٹے کا صرف 16فیصد پانی چھوڑ اجا رہا ہے جو آبپاشی کی ضروریات پوری کرنے کیلئے انتہائی ناکافی ہے۔ ستم ظریفی یہ ہے کہ محکمہ انہار وارہ بندی کی آڑ میں دو ، دو مہینے نہر بند رکھتا ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کسان بورڈ کے سینئر نائب صدر ملک محمد یعقوب طارق نے مویشی منڈی کی خوشاب سے منگور منتقلی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے پنجاب کی اس اہم ترین منڈی کو واپس خوشاب لانے کی ضرورت پر زور دیا اُنھوں نے بتایا کہ منڈی کی انتظامیہ نے اس اہم منڈی کو جلا وطن کر رکھا ہے منگور میں نہ ہی تو مویشیوں کے بیوپاریوں کو سہولیات میسر ہیں اور نہ ہی وہاں پر گاہکوں کا پہنچنا ممکن ہے۔ وہاں پانی اور سائے کا کوئی انتظام نہیں اسلئے ضروری ہے کہ اس منڈی کو واپس خوشاب میں راولپنڈی روڈ پر منتقل کیا جائے۔ اس موقع پر معزز مہمانِ خصوصی ساجدہ بیگم ایم پی اے نے کسانوں کو یقین دہانی کرائی کہ وہ ان کے دونوں اہم مسائل کو صوبائی ایوان میں پہنچائیں گی اور اُن کے حل کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گی۔