بدھ، 18 ستمبر، 2019

انتظامیہ کی پراسرار خاموشی

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)تحصیل انتظامیہ کی ناک کے نیچے بیمار اور مردہ چکن کی فروخت عروج پر۔ تاجر حضرات نے ریٹ لسٹیں غائب کردیں۔ مصنوعی مہنگائی اور ناجائز منافع خوری نے گرانفروشوں کی چاندی کردی۔ عوام کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔ تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر شاہپورصدر میں مرغ فروش فالج زدہ،بیمار اور مردہ چکن کھلے بندوں فروخت کررہے ہیں۔ جسکی وجہ سے عوام میں بہت سے متعدی امراض اور پیچیدہ بیماریوں کا خدشہ جنم لے چکا ہے۔ جبکہ انکے دیکھا دیکھی باقی تاجر حضرات نے بھی ملاوٹی اور غیرمعیاری اشیائے صرف بیچنا شروع کردی ہیں۔ جبکہ تحصیل انتظامیہ کی چشم پوشی کیوجہ سے تمام دکاندار حضرات نے نرخنامے بھی غائب کردئیے ہیں۔ اور من مانی قیمتوں پر چیزیں فروخت کررہے ہیں۔ عوام کے احتجاج پر حکومت کو مہنگائی کا ذمہ دار قرار دیکر ناجائز منافع خوری کرنا معمول بن چکا ہے۔ جبکہ افسران جو ان سب معاملات کی دیکھ بھال کرتے ہیں خوابِ خرگوش میں مست ہیں۔ اور متعلقہ محکموں کے اہلکاران ملی بھگت کرکے سب اچھا ہے کی رپورٹ ارسال کردیتے ہیں۔ عوامی و سماجی حلقوں نے انتظامی افسران و عملہ کی نااہلی اور ملی بھگت کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ افسران سے اس خراب ترین صورتحال کا فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔