جمعہ، 20 ستمبر، 2019

آج 20 ستمبر 2019 کا اخبار

امن و امان ملکی ترقی کی بنیاد ہے ،ڈی سی سرگودھا


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈپٹی کمشنر سرگودہا آسیہ گل نے کہا ہے کہ امن واستحکام ملکی ترقی کی بنیاد ہے ،محرم الحرام میں بھر پور تعاون اور اپنا قیمتی وقت دینے والے علماء اورامن کمیٹیوں کے اراکین کی خدمات لائحق تحسین ہیں ،یہ تعاون جاری رہنا چاہیے ،ضلعی امن کمیٹی کے اجلا س کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے علماء کو منبر ومحراب کا وارث قرار دیتے ہوئے ان پر زور دیاکہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد ویگانگت او ربھائی چارے کو فروغ دیں، فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رکھیں ،ایک دوسرے کو برداشت کریں ۔ انہوں نے محرم الحرام میں بھر پور تعاون پر علماء ’اکابرین ’تاجروں اور سول سوسائٹی کاشکریہ ادا کیا اور کہاکہ علماء کرام نے امن کمیٹیوں کے ا جلاسوں میں جو وعدے کئے ان پر وہ پورے اترے ہیں ،اس موقع پر تاجر راہنما ناصر محمود سہگل نے اپنی طرف سے ایک مسجد کی تعمیر کا اعلان کیا جبکہ انجمن تاجران کی طرف سے سیوریج کے مین ہولز کیلئے ڈھکنے دینے کا اعلان بھی کیا ۔
سرگودھا، ڈکیتی و چوری کی وارداتوں میں اضافہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈکیتی و چوری کی وارداتوں کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا، پولیس کے مطابق نواحی سلیمان پورہ کے محسن خان کی دوکان میں گھس کر چار افراد نے اسلحہ کے زور پر پچیس ہزار روپے سے زائد کیش و دیگر سامان لوٹ لیا، جبکہ سیٹلائٹ ٹاؤن سے عرفان علی ،شاہ پور صدر سے احمد نواز،41شمالی سے فخر الرحمن کی موٹرسائیکلیں،اسٹیڈیم روڈ کے رہائشی غلام مصطفی کے گھر سے دس لاکھ روپے مالیت کا سونا، نقدی و غیرہ،چونگی نمبر5کے رہائشی ممتاز کے ڈیرہ سے قیمتی مویشی چوی کر لئے گئے علاوہ ازیں،خوشاب کے رہائشی رمضان اعجاز کو نامعلوم جیب تراش نے 46شمالی میں تیس ہزار روپے مالیتی موبائل سے محروم کر دیااور رفو چکر ہو گیا، پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے ، قصبہ گوندل کا احمد نواز نادراآفس میں بچوں کا فارم ب بنوانے آیا اور موٹرسائیکل مین روڈ پر کھڑا کیا ۔ جب وہ واپس آیا تو اس کا موٹر سائیکل چور ی ہو چکا تھا پولیس نے رپورٹ درج کر لی ہے ۔

سرگودھا،  سینئر سول جج کی نگرانی میں منشیات تلف کی گئیں
 خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سینئر سول جج سرگودھا احسن محمود ملک کی زیر نگرانی فیصلہ شدہ مقدمات میں قبضہ پولیس میں لی گئی 135کلو گرام چرس، 83کلو گرام افیون اور 596گرام پوست نذر آتش کر دی گئی ۔ ڈی پی او حسن مشتاق سکھیرا کی ہدایت پر انسپکٹر لیگل قاسم حیات نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو ایک تحریری درخواست دی جنہوں نے سینئر سول جج احسن محمود ملک کو نگران مقرر کیا جبکہ محکمہ پولیس کیطرف سے انسپکٹر لیگل قاسم حیات ، ایس ایچ او صدر حاجی احمد اور محرر مال خانہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی کمیٹی نے پڑتال ریکارڈ کرنے کے بعد قبضہ پولیس میں لی گئ

خورشید شاہ کی گرفتاری قابل مذمت ہے، تسنیم قریشی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) ڈویژنل صد ر پیپلزپارٹی تسنیم احمدقریشی، ضلعی جنرل سیکرٹر ی راناجمشیدخا ن ایڈوکیٹ ،صفدرساہی، را ئے حسن رضابھٹی،راناحاکم خان اور دیگر نے سیدخورشید شاہ کی گرفتاری کی مذ مت کر تے ہو ئے کہا کہ سلیکٹڈ حکو مت گرفتاریوں کے ذریعے اپنے نا کا میوں کی پر د ہ پوشی نہیں کر سکتی ،احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کو گرفتار کر نا اخلاقی دیوالیہ پن کا منہ بولتاثبوت ہے ، انہوں نے کہا کہ جیا لے گرفتاریوں سے گھبرا نے وا لے نہیں۔

میانوالی، ڈی ایچ کیوہسپتال کا اچانک دورہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)میانوالی  ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ناصر محمو دبشیر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر واحد ارجمند ضیاء کے ہمرا ہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف وارڈ ز ، ٹراما سنٹر ، ایمر جنسی وارڈ ، میڈیسن سٹور اور دیگر شعبہ جا ت کا تفصیلی معائنہ کیا ۔ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز میں مریضوں کی عیادت کی اور لواحقین سے علاج معالجہ کی سہو لتوں کی دستیابی سے متعلق آگہی حاصل کی ۔

اوور سیز پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں، ڈی سی میانوالی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)میانوالی ،ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ناصر محمو دبشیر اور چیئر مین ڈسٹرکٹ اوور سیز پا کستانیز کمیٹی ڈاکٹر قیصر عبید خان نے کہا ہے کہ اوور سیز پا کستانیز مُلک و قوم کا قیمتی اثاثہ اور سرمایہ ہیں ،وطن عزیز میں ان کے اہل خانہ کو درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کر وائیں گے ،ان خیا لا ت کا اظہار اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کیا ۔ نا صر محمو دبشیر نے اے ڈی سی آر کو ہدا یت کی کہ ویب پورٹل پر موصولہ درخواستوں کو بلاتاخیر نمٹایا جا ئے اور دونوں فریقوں کو بلا کر با قاعدہ سماعت کی جا ئے ، اجلاس میں ویب پورٹل پر مو صولہ اوور سیز پا کستانیز کی آٹھ مختلف درخواستوں پر سماعت کی ،درخواست گزاران کے نما ئندگان اس موقع پر مو جود تھے ۔ ڈاکٹر قیصر عبید خان نے کہا کہ اوور سیز پا کستانیز کو کسی قسم کا سرکاری اداروں سے متعلق کو ئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ ویب پورٹل پر اپ لوڈ کر یں یا اہل خانہ کو کہیں کہ برا ہ راست درخواست کمیٹی کے دفتر واقع ضلع کو نسل جمع کروادیں ، انشاء اﷲ انہیں مایو سی نہیں ہوگی ۔ ضلعی امن کمیٹی برا ئے بحا لی و تربیت خصوصی افراد کے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ خصوصی افراد کی فلا ح وبہبود اور ان کے مسائل کے حل کیلئے مر بوط کو ششیں بر ؤئے کار لا نے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ محکمہ سوشل ویلفئر اور متعلقہ ادارے ، غیر سرکاری تنظیمیں اورمعاشرہ کے صاحب ثروت افراد ضرورت مند خصوصی افراد کو ٹر ائی سائیکلز ، وہیل چیئر ز ، واکرز ، ہیر نگ ایڈ ، مصنوعی اعضاء اور بصارت سے محروم افراد کو سفید چھڑی ودیگر ضروریات کی تکمیل کیلئے با ہمی اشتراک سے موئثر کر دار ادا کریں ۔

شاہپورصدرکی خبریں
سیوریج کے پانی نے جینا محال کردیا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) سیوریج کے غلیظ پانی نے شہریوں کا جینا محال کردیا۔ گلیاں جوہڑوں میں تبدیل ہوچکیں۔ بچے اور بڑے وبائی اور متعدی امراض کا شکار ہونے لگے۔ تفصیلات کے مطابق شاہپورصدر کے محلہ ریاض الخطیب کالونی کی گلیاں جوہڑوں میں تبدیل ہوچکی ہیں۔ نکاسی آب کا نظام عرصہ دراز سے تباہ و برباد ہونے کی وجہ سے سیوریج کا غلیظ پانی گلیوں میں کھڑا رہتا ہے۔ جسکی وجہ سے علاقہ مکین متعدی اور وبائی امراض کا کثرت سے شکار ہورہے ہیں۔ سابقہ میونسپل انتظامیہ نے کئی ذیلی گلیوں میں نالیاں تعمیر کیں لیکن مرکزی گلیوں میں انکی نکاسی کیلئے کوئی انتظام نہیں کیا جسکی وجہ سے ان گلیوں میں سیوریج کا پانی کھڑا ہونے سے گلیاں بھی ٹوٹ چکی ہیں۔ جبکہ علاقہ مکینوں کا گھروں سے نکلنا تک محال ہوچکا ہے۔ اہلیانِ علاقہ نے بارہا میونسپل ایڈمنسٹریٹر کو اس سلسلہ میں درخواستیں اور شکایات پیش کیں لیکن کوئی عملدرآمد نہیں ہورہا۔ عوامی و سماجی حلقوں نے فوری اصلاحِ احوال کا مطالبہ کیا ہے۔

شاہپورصدر،ناجائز تجاوزات کی بھرمار
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) تحصیل ہیڈکوارٹر کے بازار ناجائز تجاوزات کے نرغے میں۔ غیرقانونی رکشہ سٹینڈاورریڑھی بانوں نے بازاروں سے عوام کا گذرنا مشکل کردیا۔ رہی سہی کسر دکاندار حضرات نے ناجائز تھڑے بنا کر پوری کردی۔ تفصیلات کے مطابق سابق اسسٹنٹ کمشنر محمد عمران کے تبادلے کے بعد تحصیل ہیدکوارٹر شاہپورصدر کا کوئی پرسانِ حال نہیں۔ میونسپل انتظامیہ اور محکمہ ریونیو کے متعلقہ افسران و اہلکاران نے اپنے فرائض سے مکمل چشم پوشی کا رویہ اپنا رکھا ہے جسکی وجہ سے بازاروں، سٹینڈز اور دیگر اہم مقامات پر قانون کی عملدار اور نفاذ قصہ پارینہ بنتا جارہا ہے۔ صدر کے مین بازاروں میں غیرقانونی رکشہ سٹینڈز اور جابجا ریڑھی بانوں نے بازار میں عوام کا چلنا اجیرن کردیا ہے۔ جبکہ رہی سہی کسر تاجرحضرات نے دکانوں کے باہر ناجائز تھڑے بنا کر پوری کردی ہے۔ نیز گذشتہ کئی ماہ سے مارکیٹوں میں ریٹ لسٹیں بھی آویزاں نہیں کی جارہیں اور دکاندار من مانی قیمتوں پر اشیائے صرف کی فروخت دھڑلے سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ سماجی رہنماؤں نے اس بدترین صورتحال کی فوری بہتری کیلئے اعلیٰ ریونیوحکام سے ہنگامی اقدامات کی اپیل کی ہے۔

ٹی ایچ کیو ہسپتال شاہپور صدرمیں ڈینگی وارڈ تیار
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) )ڈینگی بخار کے علاج کیلئے ٹی ایچ کیو ہسپتال میں وارڈ تیار۔ مردانہ وارڈ میں چار بستر ڈینگی مریضوں کیلئے مختص۔ مکمل علاج کیلئے ادویات کی فراہمی کا مکمل انتظام۔تفصیلات کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال شاہپورصدر میں ڈینگی وارڈ تیار کرلیا گیا ہے۔مردانہ وارڈ میں چار بستروں پر مشتمل ڈینگی وارڈ میں آمدہ مریضوں کیلئے علاج کے تمام دستیاب انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ جبکہ ادویات کی مکمل فراہمی کا بھی انتظام کرلیاگیا ہے۔ اس سلسلہ میں ایم ایس ڈاکٹر نثارالحسن اور ڈپٹی ڈی ایچ او ڈاکٹر عدنان اصغر ذاتی طور پر اس وارڈ کی نگرانی کریں گے۔ جبکہ ڈاکٹر عدنان اصغر تحصیل بھر کے بنیادی مراکزِ صحت اور ڈسپنسریوں کا بھی دورہ کررہے ہیں لیکن تاحال علاقہ بھر سے ڈینگی کا کوئی بھی مریض رپورٹ نہ ہوا ہے۔

کشمیر جلد آزاد ہوگا، چوہدری زید عمر چدھڑ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) وزیرِ اعظم عمران خان کشمیریوں کی حمایت میں ہر حد تک جائیں گے۔ جذباتی فیصلوں سے ملکی اور علاقائی سالمیت خطرے میں پڑ سکتی ہے۔ اپوزیشن کے اپنے 37سالہ دور میں کشمیریوں کیلئے کونسے اقدامات کیے؟؟؟ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریکِ انصاف کے مقامی رہنما چوہدری زید عمر چدھڑ نے صحافیوں سے گفتگو میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج اپوزیشن کے کرپٹ ٹولے کو کشمیر کی حمایت میں اقدامات یاد آرہے ہیں لیکن گذشتہ 37سالہ دور میں ان نااہل اور مودی کے یاروں نے کشمیری مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم سے اپنی آنکھیں بند رکھی ہوئی تھیں۔ کشمیر کی خصوصی حیثیت میں بھارت کی طرف سے کی جانے والی حالیہ تبدیلی ایک دوماہ میں وقوع پذیر نہیں ہوئی بلکہ اسکے پیچھے گذشتہ دہائی سے کیا جانے والا بھارتی ہوم ورک اور گذشتہ پاکستانی حکومتوں کا نرم رویہ بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔ موجودہ حکومت نے عالمی سطح پر کشمیر کے مسئلے کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ کشمیریوں کے حقِ آزادی کیلئے آخری حد تک جانے کا نہ صرف اعلان کیا ہے بلکہ اقوامِ متحدہ کے اجلاس کے بعد دنیا اس حقیقت کا اچھی طرح ادراک بھی کرلے گی۔ انشاء اللہ کشمیر جلد ہی آزاد ہوکر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ اور یہ معجزہ عمران خان کی مخلص اور ایماندار قیادت میں ہی رونما ہوگا۔

شاہپورسٹی،ناجائز اسلحہ برآمد
 خوشاب نیوز ڈاٹ کام)  پولیس تھانہ شاہپور نے جلپانہ چوک کے نزدیک لک موڑ سے پیدل آنے والے شخص شہباز سکنہ ڈیرہ کھجیاں والہ کو پکڑ لیا جو پولیس کو دیکھ کر بھاگنے لگا اور اس کی جامہ تلاشی لیکر اس کے قبضہ سے تیس بور پسٹل برآمدکر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہےعلاوہ ازیں پولیس تھانہ شاہپور نے دوران تفتیش ملزم عقیل شاہ سکنہ کوٹلہ سیداں کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والی بارہ بور بندوق برآمد کر لی ہے اور اس کے خلاف ناجائز اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے ملزم نے قصبہ عاقل شاہ کے قریب فائرنگ کر کے ایک نوجوان کو شدید زخمی کر دیا تھا

شاہپور سٹی ،موٹرسائیکل چوری میں اضافہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)  شاہپورمیں ایک ہفتے میں چوتھا موٹر سائیکل چوری۔ شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی پولیس چوروں کا سراغ لگانے میں ناکام۔ قصبہ گوندل کا احمد نواز نادراآفس میں بچوں کا فارم ب بنوانے آیا اور موٹرسائیکل مین روڈ پر کھڑا کیا ۔ جب وہ واپس آیا تو اس کا موٹر سائیکل ہنڈا مالیتی پچانوے ہزار روپے غائب تھا پولیس نے رپورٹ درج کر لی ہے یاد رہے کہ شاہپور میں ایک ہی محلے میں موٹرسائیکل چوری کی یہ چوتھی واردات ہے

شاہپور سٹی تیز رفتاری پر ڈرائیور گرفتار
 خوشاب نیوز ڈاٹ کام)  پٹرولنگ پولیس کی رپورٹ پر پولیس تھانہ شاہپور نے ہائی ایس کے ڈرائیور الٰہی بخش کو تیزرفتاری اور غفلت سے ڈرائیونگ کرنے پر اس کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔پٹرولنگ پولیس کے اے ایس آئی محمد زمان نے بتایا کہ سرگودہا روڈ پر سپیڈ کی حد رفتار80کلو میٹر ہے جبکہ ڈرائیور الٰہی بخش 93کلو میٹر فی گھنٹا کی رفتار سے جا رہا تھا پولیس نے ڈرائیور اور گاڑی دونوں کو تھانے میں بند کر دیا

منشیات کے مقدمات میں 14ماہ سزا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)  ایڈیشنل سیشن جج شاہپورسکندرجاوید نے تھانہ شاہپورسٹی کے منشیات کے دو مقدمات میں ملوث اکبر شاہ سکنہ کنڈان کو 14ماہ قید اور دس ہزار روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا ہے جرمانہ کی عدم ادائیگی پر ملزم کو مزید دس روز قید بھگتنا ہو گی۔ ملزم اکبر شاہ کے خلاف 2018ء میں تھانہ شاہ پور سٹی میں منشیات کے دو مقدمات درج کئے گئے

قتل کے ملزمان شک کی بنا پر بری
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)  ایڈیشنل سیشن جج شاہپورسکندرجاوید نے تھانہ شاہپور کے قصبہ سلطان میں قتل کی واردات میں ملوث ملزمان محمد حیات وغیرہ شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا ملزمان محمد حیات، ثنااللہ، رمضان، الیاس وغیرہ پر الزام تھاکہ انہوں نے 2015
ء میں اپنے چچا زاد بھائی محمد یوسف کو قتل کر دیا تھا جس کا مقدمہ تھانہ شاہپور میں درج تھا

رفیق بھٹی کی رسم قل آج ہوگی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)  پاک فضائیہ کے گروپ کیپٹن راشد محمود بھٹی، سیشن جج لاہور طارق مسعود بھٹی، ڈرگ کنٹرولر الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ثاقب جاوید بھٹی کے والد حاجی محمد رفیق بھٹی وفات پا گئے ان کی رسم قل آج بروز جمعہ قصبہ جھاوریاں میں ان کی رہائش گاہ پر دس بجے ادا کی جائے گی۔

ساہیوال/­سرگودھا کی خبریں
پولیس اپنا امیج بہتر بنائے،ڈی ایس پی ساہیوال
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) سرکل ساہیوال سرگودھاکے پولیس افسران کی ڈی ایس پی ساہیوال ملک محمد انور کی صدارت میں اہم میٹنگ موجودہ حالات میں پولیس رویہ تبدیل کر کے الرٹ رہ کر ڈیوٹی سرانجام دینا ہو گی عوام کے جان ومال کا تحفظ،امن کا قیام،جرائم کا خاتمہ اور مظلوم لوگوں کو بروقت انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تھانیدار اور اہلکار اپنے کردار اور رویہ سے پولیس کا میج بہتر بنائیں تاکہ لوگوں کا پولیس پر اعتماد بحال ہو سکے زیر تفتیش مقدمات کو میرٹ پر موثر طریقہ سے بغیر کسی لالچ اور دباؤ کے یکسو کیا جائے جرائم پیشہ سماج دشمن عناصر سے کسی قسم کی کوئی رعایت نہ کی جائے واقع کی اطلاع ملتے ہی فوری کاروائی عمل میں لائی جائے لوگوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے میٹنگ میں ایس ایچ اوز نواز لالی،ارباب طفیل اور انچارج چوکی فروکہ رانا مشتاق اور تفتیشی تھانیداروں نے شرکت کی۔

ساہیوال سرگودھا کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) ساہیوال سے سرگودھا روڈ،فروکہ روڈ،شاہ پور روڈ کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگیں تین تین چار چار فٹ سڑکوں پر گڑھے پڑ چکے ہیں آئے روز ٹریفک حادثات معمول بن چکے ہیں ایم پی اے اصغر لاہڑی،ڈپٹی کمشنر آسیہ گل کی یقین دیہانی کے باوجود ٹوٹ پھوٹ کا شکار تحصیل ساہیوال کی سڑکوں پر کام شروع نہ ہو سکا گہرے کھڈے پڑنے سے گاڑیاں الٹنے لگیں متعدد جانیں ضائع ہو چکی لا تعداد افراد زخمی ہو کر معذور ہو چکے عوام مشکالات سے دو چار ہیں رائے مراد لاٹی،احمد شیر،چوہدری وارث،مقصود شاہ،ملک غلام حسین،رانا نثار نے اعلیٰ حکام سے سڑکوں کی تعمیر ومرمت کے لیے فوری فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈینگی سے بچاو کے اقدامات کاغذوں تک محدود
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) تحصیل ساہیوال سرگودھا میں ڈینگی لاروا کے خاتمہ کے لیے کیے گئے اقدامات محض کاغذی کاروائی اور فائلوں تک محدود ہیں کسی قسم کا سپرے نہیں کیا گیا محکمہ صحت اور میونسپل کمیٹی کا عملہ ایک دوسرے پر ذمہ داری عائد کرنے میں مصروف ہے درجنوں مشکوک مقامات پر ڈینگی لاروا کی موجودگی کی اطلاع ملی ہے شہریوں نے نشاندہی بھی کی لیکن محکمہ صحت اور ایم سی ساہیوال کے عملہ نے کسی قسم کی کوئی کاروائی نہیں کی جس سے ڈینگی کی امراض پھیلنے کا اندیشہ پیدا ہو چکا ہے ڈپٹی کمشنر سرگودھا آسیہ گل کے احکامات بھی نظر انداز کر دئیے گئے ساہیوال کے عوامی سماجی شہری حلقوں کے راہنماؤں شکیل انجم،حافظ عتیق الرحمن،رانا جہانگیر،علی ارشد،ملک عذیر فاروق نے مطالبہ کیا کہ فوگنگ سپرے مشینوں سے نرسریوں،ٹائر شپاس،قبرستانوں کھلے میدانوں میں لگے گندگی کے ڈھیروں گندے تالابوں پر فی الفور سپرے کیا جائے۔

 دوشیزہ سے زیادتی کی کوشش
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) قصبی ٹھٹھی راجو میں اوباش نوجوان منیر حسن عرف منی نے گھر میں اکیلی دوشیزہ پر مجرمانہ حملہ کر دیا امیر بی بی زوجہ قاسم کے زبردستی کپڑے اتار کر برہنہ کر دیا اور زیادتی کرنے لگا امیر بی بی نے شور مچا دیا لوگوں کے آنے پر ملزم منیر حسن عرف منی برہنہ حالت میں بھاگ نکلا پولیس تھانہ ساہیوال نے خاتون کے سسر عطا محمد کی رپورٹ پر ملزم کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔
سلانوالی،تبدیلی بے نقاب ہوچکی ،ریاض ٹوانہ
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)  پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے آنے والا وقت پیپلز پارٹی کا ہو گا۔ پیپلز پارٹی غریبوں کی پارٹی ہے ورکر پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں ان خیالات کااظہار پیپلز پارٹی کے ضلع رہنماء ملک ریاض ٹوانہ نے اپنی رہائش گاہ پر ایک کارنر میٹنگ سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پہلے بھی ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں اب بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے موجودہ حکومت سے عوام کی امیدیں دم تو ڑچکی ہیں مہنگائی اور لاقانیونیت نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔غریب عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے لیکن آج بھی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے کئی غریب لوگوں کی مالی امداد بدستور جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ آج بھی پیپلز پارٹی کے دور کو یاد کرتے ہیں اور آنے والا وقت پیپلز پارٹی کاہی ہو گا۔ اس موقع پر لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

بھکر،حادثہ 3 افراد زخمی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)مٹھو بنڈو روڈ بھرمی نواب کے قریب موٹر سائیکل سوار 3افرادپر درخت گر گیا جس سےپچاس ٹی ڈی اےکے 27سالہ عارف حسین او ر2خواتین شدید زخمی ہو گئے ، خانسر روڈ صدیق میڈیکل کمپلیکس کے قریب موٹر سائیکل اوررکشے کاتصادم میں نذیر ٹاؤن کا رہائشی 60سالہ موٹر سائیکل سوارمحمد ہاشم اور ڈھائی سالہ بچی شدید زخمی ہوئے ۔ زخمیوں کو بروقت ابتدائی طبی امداد کی فراہمی کے بعدہسپتال منتقل کردیا گیا۔جبکہ خانسر روڈ محمود والا کے قریب آئل ٹینکرکراسنگ کے دوران الٹ گیا جس کی ریسکیو1122بھکر کو جیسے ہی کال موصول ہوئی فی الفور ایمرجنسی گاڑیوں کو بھجوا دیا گیا ٹینکر الٹنے کی وجہ سے کسی بھی ایمرجنسی صورت حال سے نمٹنے کے لیے ریسکیو1122بھکر نے ایریا کو محفوظ بنانے میں بھرپور کردار اداکیا ۔