جمعرات، 19 ستمبر، 2019

آج کا اخبار19 ستمبر2019

شاہپور شہر
 خوشاب نیوز ڈاٹ کام) شاہپور سے لاہور جانے والی لک موڑ روڈ جگہ جگہ سے ٹوٹ چکی ہے سڑک پر گہرے کھڈ پڑ چکے ہیں جن کی وجہ سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہونے لگا ہے یہ سڑک خطیر لاگت سے صرف چار پانچ سال پہلے تعمیر کی گئی تھی محکمہ ہائی وے کے افسران کی ملی بھگت اور ناقص تعمیر کی وجہ سے کروڑوں روپے سے تعمیر ہونے والی سڑک کی حالت بہت خراب ہو چکی ہے عوام کی قیمتی گاڑیاں سڑک کی خرابی کی وجہ سے تباہ ہو چکی ہیں جبکہ شاہپور سے ملتان براستہ ساہیوال جانے والی سڑک جس کی تعمیر و توسیع پر کروڑوں روپے صرف ہوئے تھے اس کی حالت بھی نہایت خراب ہو چکی ہے سڑک پر جگہ جگہ شگاف پڑ چکے ہیں شاہپور سے بھیرہ انٹرچینج کی طرف جانے والی روڈ جو از سر نو تعمیر کی جا رہی تھی ٹھیکیدار اس کی تعمیر ادھوری چھوڑ گیا ہے جس کی وجہ سے بارش کے دنوں میں کیچڑ میں ٹریفک پھنس جاتی ہے۔ بڑے شہروں کو موٹر وے سے ملانے والی ان اہم ترین سڑکوں کی ناقص تعمیر سے حکومت کواربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے ان سڑکوں کی وجہ سے بڑے شہروں کے درمیان مسافت کم ہو جاتی ہے جس کی وجہ سے بہت شہری اور ٹرانسپورٹر ان سڑکوں کو استعمال کرتے ہیں سینئرٹیچر ملک اعجاز اعوان، صدر بار غلام حسن زیدی، جاوید حسن زیدی، مہر منظرحسنین بکھر ایڈووکیٹ، ممتاز دانشور سرفراز پاشا اور دیگر نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور کمشنر سرگودہا سے مطالبہ کیا ہے کہ سڑکوں کی مرمت کے لئے فنڈر مہیا کئے جائیں خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ممتاز سماجی رہنما صفدرحسین ہاشمی کی اہلیہ کی وفات پر اظہار تعزیت کا سلسلہ جاری ہے تحصیل شاہپور کی ممتاز شخصیات چوہدری اسلم میکن، چوہدری محمدافضل،پی ٹی آئی ضلع سرگودہا کے نائب صدر سید محمد رضا شاہ، ڈاکٹر رانا منورحسین ریاض چدھڑ، سابق چیئرمین یو سی بکھر بار مہر خالق داد، سید الطاف حسین شیرازی، سماجی رہنما مختار خان سیال، سابق چیئر مین کنڈان اظہر نواز، ممتاز صحافی شبیر بٹ، ریٹائر پرنسپل راجہ عبدالوحید، علی جاوید راجہ، ملک ربنواز، راجہ حسن اختر، اور دیگر شخصیات نے ان کی رہائش گاہ پرفاتحہ خوانی کی اور افسوس کا اظہار کیا

 شاہپورصدر
 خوشاب نیوز ڈاٹ کام)بوائز ڈگری کالج میں موک ایکسرسائز کا انعقاد۔قانون نافذ کرنے والے اداروں نے کالج کے طلباء کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی تربیت دی۔ وائس پرنسپل کا خراجِ تحسین۔ تفصیلات کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج میں موک ایکسرسائز منعقد کی۔ ایکسرسائز میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ، سپیشل برانچ، بم ڈسپوزل اسکواڈ، ریسکیو 1122، ایلیٹ فورس اور شاہپورصدر پولیس نے حصہ لیا۔ جبکہ ڈی ایس پی سرکل شاہپور خالد خان بلوچ نے ایکسرسائز کی نگرانی کی۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاران نے کالج کے طلباء کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کی ابتدائی تربیت دی۔ کالج وائس پرنسپل پروفیسر ابرار احمد قریشی نے تمام ایجنسیز کو بہترین کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے طلباء کو بہترین تربیت مہیا کرنے پر انکی خدمات کو سراہا۔

 خوشاب نیوز ڈاٹ کام)شاہپورصدر , نادرا دفتر سے محصول چونگی تک سٹریٹ لائیٹس غائب۔ شام کو سیر کیلئے نکلنے والی فیملیز خوف و ہراس کا شکار۔ جرائم پیشہ اور اوباش افراد تاریکی کا فائدہ اٹھا کرکوئی بھی منفی سرگرمی کرسکتے ہیں۔تفصیلات کے مطابق نادرا دفتر سے لیکر محصول چونگی نمبر4تک سٹریٹ لائیٹس غائب ہوچکی ہیں۔ جبکہ دونوں پارکس اسی روڈ پر واقع ہونے کے باعث فیملیز کی آمدورفت اسی سڑک پر جاری رہتی ہے۔ سٹریٹ لائیٹس نہ ہونے کے سبب جرائم پیشہ اور اوباش افراد تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کسی بھی جرم کا ارتکاب آسانی سے کرسکتے ہیں۔ عوام نے میونسپل انتظامیہ اور ایڈمنسٹریٹر سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر متذکرہ 
سڑک پر سٹریٹ لائیٹس کا بندوبست کیا جائے تاکہ تفریح اور سیر کیلئے آنے والے افراد پریشانی سے بچ سکیں۔

میانوالی
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریو نیو  میانوالی واحد ارجمند ضیاء نے کہا ہے کہ محکمہ بہبود آبادی کے 
افسران سوشل موبلا ئزر ز ، لیڈی ہیلتھ ورکرز اور دیگر جملہ سٹاف کومتحرک کریں اوربہبود آبادی کی اہمیت و افادیت کے حوالہ سے آگہی مہم کو موثر اور فعال بنائیں ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو چھوٹے کنبہ کی افادیت سے آگا ہ کر نے کیلئے علمائے کر ام عوامی نمائندگان ،سیاسی و سما جی شخصیات اور اہل قلم کے تعاون اور اشتراک سے مر بوط مہم چلا ئیں،اے ڈی سی آر آفس میں ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن کمیٹی برائے بہبود آبادی کے ما ہا نہ اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے مزید کہا کہ آبادی اور وسائل میں توازن کیلئے سالا نہ شرح پیدائش میں کمی وقت کا اہم تقاضا ہے ۔انہوں نے کہا کہ آبادی میں کمی اور شجر کاری میں اضا فہ کے پیغام کے سا تھ ساتھ ڈینگی سے بچا ؤ سے متعلق بھی عوام الناس کو آگہی فراہم کر یں ۔انہوں نے کہا کہ علما ئے کرا م سے درخواست کریں کہ وہ جمعتہ المبارک کے خطبات میں ما ں کو بچے کا دوسال تک دودھ پلا نے کے شرعی پیغام اور طاقتور مسلما ن کمزور مسلما ن سے بہتر ہے کہ فلسفہ کو اجاگر کر یں ۔

کندیاں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) 7ماہ پہلے مین بازار کندیاں کی بجلی خراب ہوئی تووہاں پر ٹرانسفار مر ٹرالی والا لگادیا گیا جسکو 7ماہ گزر گزر گئے لیکن ابھی تک اصل جگہ پر ٹرانسفارمر نصب نہیں کیا گیا ، گلی امام بارگاہ ودیگر گلیوں کے مکینوں کا 7ماہ سے رستہ بند پڑا ہے گلی مکینوں کو انتہائی دشواری کا سامنا ہے اور مین بازار میں رش کی وجہ سے راہگیروں کو گاڑیوں والوں کو عورتوں بچوں بوڑھوں بھی سخت تکلیف کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،شہریوں نے چیف فیسکو فیصل آباد ،ای سی سرگودھا اور ایکسین واپڈا میانوالی سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے اور وارننگ بھی دی ہے کہ اگر ایک ہفتہ کے اندر اس ٹرالی کو نہ ہٹایا گیا تو احتجاج کریں گے ۔    

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)قدیمی قبرستان کندیاں نشئیوں کا ائرپورٹ بن گیا ، کچھ نشئی قبرستان میں قبروں پر ہی رات کوسوتے ہیں ، قبرستان میں منشیات دھڑلے سے فروخت کی جارہی ہے ، شہر کی گلی کوچوں محلوں میں سرعام منشیات فروخت ہورہی ہے ،قبرستان میں میں لگے ہینڈپمپ چوری کر لئے گئے ہیں، والی بال کرکٹ میچ کھیلتے اورقبرستان میں گند ڈالتے اورمٹی اٹھاتے ہیں اپنے جانور بھیڑ بکریاں چھوڑدیتے ہیں قبرستان جو قبروں کی بے حرمتی کرتے ہیں ،کندیاں کے عوامی سماجی حلقوں نے ڈی سی ،ڈی پی او میانوالی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔

 واں بھچراں
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)لائن مین کرنٹ لگنے سے جاں بحق ،2دن بعد لاش برآمد۔نور محمد ویران علاقے میں ٹربائن کی بجلی ٹھیک کرنے گیا تھا،سپرد خاکواپڈا کا لائن مین بجلی کی مین تاروں سے کرنٹ لگنے پر جاں بحق ہوگیا،نور محمد کی لاش ویران ٹربائن سے دو دن بعد ملی ،آبائی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ۔واں بھچراں کے علاقہ مظفر پور جنوبی کا رہائشی نور محمد واپڈا میں بطور لائن مین ملازم تھا، علاقہ ڈھوک علی خان میں ایک ٹربائن ٹیوب ویل کی بجلی ٹھیک کرنے گیا تو اسے مین لائن سے کرنٹ لگ گیا اور موقع پر جاں بحق ہوگیا، نور محمد کی لاش دو دن ویران ٹربائن پر پڑی رہی، واپڈا اہلکار موقع پہنچے تو لاش پھول چکی تھی پولیس تھانہ لاوہ نے پوسٹ مارٹم اور ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثاء کے حوالے کردی ، آبائی گاوں مظفر پور جنوبی میں سپردخاک کردیا گیا۔


سرگودھا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) ڈپٹی کمشنر سرگودہا آسیہ گل کا چوبیس گھنٹوں میں سبزی و فروٹ منڈی کا دوسرا دورہ ،وارننگ
 کے باوجود منڈی میں صفائی کی صورتحال بہتر نہ بنانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ،ایڈمنسٹریٹر مارکیٹ کمیٹی کے خلاف محکمانہ کاروائی کا حکم دیدیا ، ڈپٹی کمشنر آسیہ گل نے علی الصبح سبزی و فروٹ منڈی کا دورہ کیا ۔ منڈی میں سیوریج کا پانی اور گندگی کے ڈھیر لگے تھے جس پر ڈپٹی کمشنر نے سخت غصے کا اظہار کیا اور سیکریٹر ی مارکیٹ کمیٹی کو فوری موقع پر طلب کیا ۔ اس موقع پر مقامی تاجر راہنما حاجی ارشد نے ڈپٹی کمشنر کو بتایا کہ سبزی و فروٹ منڈی 1996میں قائم ہوئی تا حال یہاں پر تاجروں کیلئے کوئی سہولت دستیا ب نہیں ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماہانہ تیس لاکھ سے زائد کمانے والی مارکیٹ کمیٹی کی طرف سے منڈی کے تاجروں کو سہولیات فراہم نہ کرنا افسوسناک ہے ۔ انہوں نے مارکیٹ کمیٹی کی کنٹین پر بھی تاجروں کیلئے کوئی مناسب انتظامات نہ ہونے کا بھی سخت نوٹس لیا۔انہوں نے کہاکہ مارکیٹ کمیٹی کے افسران کی نااہلی سے لوگوں کو زہرکھلایا جا رہا ہے ،اب سب کی بازپرس ہو گی۔ انہوں نے ایڈمنسٹریٹر اور مارکیٹ کمیٹی کے سیکریٹری کو تمام ریکارڈ سمیت اپنے دفتر طلب کر لیا ۔ 


خوشاب نیوز ڈاٹ کام)حکومت کے گرین پاکستان پروگرام کے تحت ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد کی گرین بیلٹس ، پارکوں اور سڑکوں کے اطراف و ڈیوائیڈرز میں لگائے جانیوالے پودے پالتو مویشیوں کی خوراک بننے لگے۔ جوہرآباد میں پالتو مویشیوں کی بھرمار کے باعث کوئی بھی پودا سر اٹھانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ بالخصوص بائی پاس روڈ کے ارد گرد لگائے گئے پودے مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث مرجھا چکے ہیں اور گرین پاکستان کا خواب پورا ہوتا نظر نہیں آتا۔ ان خیالات کا اظہار مرکزی انجمن تاجران جوہرآباد کے صدر محمد عثمان جنجوعہ نے اخبار نویسوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ حکومتی احکامات کی روشنی میں محکمہ جنگلات اور دیگر محکموں نے پودے لگانے کا ہدف تو پورا کر لیا لیکن اُنھیں پروان چڑھانے کیلئے اُن کی دیکھ بھال پر کوئی توجہ نہ دی۔ جس کی وجہ سے بعض پودے مویشیوں کی خوراک بن گئے اور بعض پودے محض پانی نہ ملنے کے باعث مرجھا چکے ہیں۔ رانا سلیم الرحمن کا کہنا تھا کہ لاکھوں روپے کے سرکاری اخراجات سے لگائے جانیوالے پودوں کا مرجھا جانا مقامی انتظامیہ کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ حال ہی میں ہونیوالی شجر کاری کے دوران لگائے گئے پودوں کی حفاظت اور دیکھ بھال کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔

 خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر جوہرآباد میں انکروچمنٹ کے خلاف مہم مکمل ہوتے ہی ایک بار پھر بازاروں اور چوراہوں میں تجاوزات نے سر اٹھانا شروع کر دیا۔ جس کی وجہ سے سڑکیں اور بازار سکڑ رہے ہیں ۔ حادثات کی شرح بڑھ چکی ہے اور لوگوں کو آمدورفت میں شدید دشواریاں حائل ہیں۔ سرور شہید چوک، کالج چوک، جنوبی بازار، مین بازار ، ٹرنک بازار اور چوک جامع مسجد روڈ پر نہ صرف ریڑھی والوں اور خوانچہ فروشوں کا قبضہ ہے بلکہ وہاں پر چنگ چی رکشہ کے غیر قانونی اڈے بن چکے ہیں۔ جس کی وجہ سے ایک جانب تو تاجروں اور دوکانداروں کو اپنا کاروبار جاری رکھنے میں دشواریاں حائل ہیں اور دوسری جانب لوگوں کو گزرنے کیلئے راستہ نہیں ملتا۔ انجمن تحفظ حقوق شہریاں جوہرآباد کے جنرل سیکرٹری رانا سلیم الرحمن نے ارباب اختیار سے استدعا کی ہے کہ تاجروں اور شہریوں کی مشکلات کے ازالہ کیلئے موٹر سائیکل رکشوں کے غیر قانونی اڈے ختم کرائے جائیں۔

 خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد کے ڈپٹی میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈاکٹر راجہ غنی مسعود عالم نے کہا ہے کہ 
معاشرتی و گھریلو مسائل کے باعث شوگر کے ساتھ ساتھ بلڈ پریشر کے مریضوں کی تعداد میں ہرگزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو رہا ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان بیماریوں سے نمٹنے کیلئے مریض علاج کیساتھ ساتھ پرہیز کو ضروری سمجھیں۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال کے کانفرنس ہال میں ہیلتھ لیکچر کے دوران اُنھوں نے بتایا کہ ان بیماریوں کے پھیلائو کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ لوگوں نے مرغن غذائیں استعمال کرنا شروع کر دی ہیں لیکن لوگوں کی اکثریت ورزش کرنے اور پیدل چلنے سے اجتناب کرتی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ بلڈ پریشر اور شوگر سمیت دیگر امراض میں اضافہ کو روکنے کیلئے ضروری ہے کہ معتدل غذائیں استعمال کرنے کیساتھ ساتھ ورزش کی جائے۔

خوشاب نیوز ڈاٹ کام)سیکرٹری آر ٹی اے خوشاب فریال نعیم نے کہا ہے کہ ضلع خوشاب کی سڑکوں اور شاہرائوں پر ٹرانسپورٹروں کو قواعد و ضوابط کا پابند بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ٹرانسپورٹروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ قانون کا احترام کریں اور اپنی گاڑیوں میں اوور لوڈنگ و اوور چارجنگ سے اجتناب کریں۔ خوشاب شہر میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ ضلع خوشاب میں کسی بھی لوکل یا بین الاضلاعی روٹ پر گاڑیوں میں اوور چارجنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر کسی بھی ٹرانسپورٹر کے خلاف اوور چارجنگ کی شکایت ملی تو اُس کیخلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 خوشاب نیوز ڈاٹ کام)پنجاب اسمبلی کی رُکن ساجدہ بیگم نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت اپنے انتخابی منشور پر عمل پیرا ہے انشاء اﷲ عوام کیساتھ کئے گئے تمام وعدے پورے کرے گی۔ اپوزیشن کی جانب سے عوام میں مایوسی پھیلانے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو سکتی۔ خوشاب شہر میں اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے اُنھوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی مسائل سے نجات دلا کر بنیادی سہولیات اُن کی دہلیز پر فراہمی حکومت کا مشن ہے اور اس ضمن میں دور افتادہ اور پسماندہ علاقوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جائے گا۔ لوگوں کو روزگار کے مواقع مہیا کرنے کیلئے زیادہ سے زیادہ جدوجہد کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہا کہ سابقہ حکمرانوں نے اپنی تمام توانائیاں ذاتی مفادات اٹھانے پر مرکوز کئے رکھیں اور اُن کی خود غرضانہ پالیسیوں کا خمیازہ پاکستان کے غریب عوام بھگت رہے ہیں۔ عمران خان نے اقتدار سنبھالتے ہی ملک و قوم کو معاشی و اقتصادی بحرانوں سے نکالنے اور عوام کی محرومیوں کے ازالہ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے اور اُن کی انقلابی پالیسیوں کے بتدریج نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ 

 ساہیوال/­سرگودھا
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ساہیوال۔سرگ­ودھا میں سوئی گیس کی فراہمی کے لیے دو ہزار شہریوں کو کنکشن فراہم کرنے کی ابتدائی منظوری دے دی گئی ایم پی اے کے معاون خاص سردار بابر عباس بلوچ نے درخواستوں کی منظوری کے فارم ساہیوال میں تقسیم کر دئیے شہری دفتر سوئی گیس جا کر ڈیمانڈ نوٹس حاصل کر کے جمع کروائیں دو ماہ بعد گھر گھر سوئی گیس کے میٹر نصب کر دئیے جائیں گے شہری نئی درخواستیں بھی دے سکتے ہیں بابر بلوچ نے کہا کہ ڈیمانڈ نوٹس جمع ہونے شروع ہو چکے ہیں سوئی گیس میٹر کا خرچہ فی کس 31ہزار روپے ہے۔ خوشاب نیوز ڈاٹ کام)قصبہ گوندل سے تین اوباش نوجوانوں نے شادی شدہ خاتون کو اغواء کر کے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا غریب محنت کش محمد اقبال نے بتایا کہ میری بیوہ مسماۃ رضیہ بی بی گھر اکیلی تھی کہ منگور خوشاب کا رہائشی فاروق اعظم بلوچ دیگر نامعلوم ساتھیوں کے ہمراہ میری عدم موجودگی میں گھر آیا اور میری بیوی رضیہ بی بی کو ورغلا پھسلا کر حرام کاری کی نیت سے اغواء کر کے لے گیا اور ساتھیوں کے ہمراہ اجتماعی درندگی کا نشانہ بنایا پولیس تھانہ ساہیوال نے اقبال کی درخواست پر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا۔
 قائدآباد
 خوشاب نیوز ڈاٹ کام)قائدآباد کی سڑکیں کھنڈر بن گئیں،حادثات میں اضافہاہم ترین شاہرائوں پر جگہ جگہ گھڑے پڑ گئے ، شہریوں کا گزرنا محال ہو گیا۔ قائدآباد کی سڑکیں کھنڈرات کا منظر پیش کرنے لگیں ، شہر بھر کی سڑکیں جگہ جگہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ، شہریوں کا گزرنا محال بن چکا ہے ، اور سڑکوں پر گہرے کھڈے پڑنے کے باعث حادثات ہونے لگے ، سرگودھا میانوالی روڈ سے وولن ملز روڈ ، بندیال پمپ سے جا مع کچہری روڈ ، مین ویگن اڈا سٹاپ سے براستہ گول چوک شمس روڈ تا ڈبل سٹوری تک ، سرگودھامیانوالی روڈ تا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ، سرگودھا میانوالی روڈ ڈاکخانہ بلڈنگ سے تین مرلہ سکیم نمبر2تک ، گول چوک تا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال ، ہسپتال براستہ خواتین کالج تا واپڈا فیسکو آفس، ہسپتال تا براستہ ڈبل سٹوری پولیس تھانہ تا وولن ملز ، الرشید چوک براستہ نگینہ چوک تا واٹر سپلائی سی بلاک اور شہر کے مختلف محلہ جات ،کالونیاں ،ٹاؤنز اور اسکیم ایریز میں مختلف جگہوں سے مکمل طورپر ٹوٹ پھوٹ چکی ہیں ۔ خوشاب نیوز ڈاٹ کام)جنڈانوالہ ،موٹر بائیک اور گاڑیوں پر فینسی لائٹس کے استعمال سے شہریوں کو پریشانی، کاروائی کا مطالبہ ۔جنڈانوالہ اور گردو نواح کے علاقوں میں منچلے نوجوانوں نے اپنی بائکس اور گاڑیوں پر فینسی لائٹس لگا رکھی ہیں جن کے ایسے خطرناک فلیش ہیں جو سامنے سے آنے والی ٹریفک کے لئے حادثے کا سبب بنتے ہیں اور ان فینسی لائٹس سے آنکھوں کی روشنی بھی متاثر ہوتی ہے شہریوں نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے