جمعرات، 19 ستمبر، 2019

زہر کی فروخت پر فوڈ اتھارٹی خوشاب کی خاموشی کیوں؟

خوشاب نیوز ڈاٹ کام) ضلعی ہیڈکوارٹر جوہر آباد میں کیمیکل سے تیار شدہ مضر صحت دودھ کی فروخت عروج پر پہنچ گئی جبکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے پر اسرار خاموشی اختیار کررکھی ہے ۔تفصیلات کے مطابق بااثر دودھ فروشوں نے نواحی علاقوں میں کیمیکل سے دودھ تیار کرکے شہری و ملحقہ آبادیوں میں فروخت کرنا شروع کر رکھا ہے۔ اور مغرب کے بعد کیمیکل سے تیار شدہ مضر صحت دودھ رات کے اندھیرے میں شہر اور نواحی کالونیوں میں قائم ڈیری شاپس پر سپلائی شروع کردی جاتی ہے جہاں سے شیر فروش دودھ لیکر موٹرسائیکلوں پر سپلائی کے لیے نکل پڑتے ہیں ۔ اس حوالے سے شہریوں کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ فوڈ اتھارٹی کے افسران و اہلکار شہری و ملحقہ آبادیوں میں ناقص و غیر معیاری اشیاء خوردونوش فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہیں جس کیوجہ سے شہری علاقوں کے مکین مختلف موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں ، شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب، ڈی جی پنجاب فوڈاتھارٹی سے کیمیکل ملے زہریلے دودھ کی فروخت بند کروانے کا مطالبہ کیاہے ۔