بدھ، 18 ستمبر، 2019

ورلڈ لٹریسی ڈے پر تقریب

خوشاب نیوز ڈاٹ کام) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) خوشاب نادیہ شفیق نے انٹر نیشنل لٹریسی ڈے کے ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیر رسمی تعلیم کے اساتذہ مبارکبادکے مستحق ہیں جو کم معاوضہ کے ساتھ معاشرے کے بچوں کی تعلیم و تربیت کرنے میں اہم کردارادا کر رہے ہیں -ان اساتذہ کی محنت سے تعلیم حاصل کرنے کے بعد یہی بچے بڑے ہو کر مختلف شعبہ جات میں اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں او ر آج کے سیمینار میں بچوں کی مختلف پروگرامز میں شرکت اور اساتذہ کی کاوشیں قابل تحسین ہیں -انہوں نے کہاکہ ان بچوں کی صلاحتیں کسی دیگر بڑے اداروں کے بچوں سے کم نہیں ہیں -ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) گورنمنٹ گرلزماڈل ہائی سکول جوہرآباد میں ایک منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہی تھیں -وہ اس سیمینار کی مہمان خصوصی تھیں -سیمینار میں سی ای او ا یجوکیشن اتھارٹی میاں محمد اسماعیل،ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی رائے حسن عباس، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر ویلفیئرغلام شبیر، سکول ہیڈ مٹریس میمونہ احسان،غیر رسمی تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور بچوں نے شرکت کی -سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی میاں محمد اسماعیل نے نان فارمل بیسک ایجوکیشن کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہاکہ تعلیم منزل تک پہنچنے کا ذریعہ ہے -اس لیے بچوں کو تعلیم کے ساتھ انہیں پْر اعتماد با کر دار اور ان کی کردار سازی کرنا بہت اہم ہے -ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر لٹریسی رائے حسن عباس نے استقبالیہ خطبہ پیش کرتے ہوئے ضلع بھرمیں غیر رسمی سکولز،داخل شدہ بچوں،تعلیمی نتائج،ٹرانس جینڈراور خانہ بدوش بچوں کو تعلیم کی فراہمی وغیرہ کی تفصیل سے آگاہ کیا -سیمینارمیں غیر رسمی بنیادی تعلیم کے سکولوں کے بچوں نے مخصوص انداز میں مہمان خصوصی کو خوش آمدید کہا سیمینار میں بچوں نے ٹیبلوز اور رنگا رنگ پروگرام پیش کیئے -سیمینار کے اختتام پر پاکستان کا قومی ترانہ پڑھا گیا -