ہفتہ، 31 اگست، 2019

ٹیکنیکل ماڈل ہائی سکول میں کشمیر پر سیمینار

  خوشاب نیوز ڈاٹ کام)محکمہ تعلیم ضلع خوشاب کے زیر اہتمام کشمیری مسلمانوں اور افواجِ پاکستان کیساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے گورنمنٹ ٹیکنیکل ماڈل ہائی سکول جوہرآباد میں سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی میاں محمد اسماعیل نے کی جبکہ پنجاب اسمبلی کی رُکن ساجدہ بیگم مہمانِ خصوصی تھیں۔ سیمینار میں ٹیکنیکل ماڈل ہائی سکول کے پرنسپل رانا عبدالروف و محکمہ تعلیم کے افسران و ملازمین کے علاوہ سکول کے تدریسی سٹاف اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی کی رُکن محترمہ ساجدہ بیگم نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت خطے کے اہم ترین ایشو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس ضمن میں سفارتی سرگرمیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ بھارت کو کسی بھی صورت میں 
کشمیر پر تسلط برقرار رکھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اُنھوں نے کہا کہ پاکستان پر امن ملک ہونے کے باوجود ہر قسم کی بیرونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارتی مظالم کو کشمیر کی مقبوضہ وادی میں بے گناہ مسلمانوں پر مظالم کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔ اُنھوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے مسئلہ کشمیر پر صرف اپنی سیاسی دوکانداریاں چمکائیں اور اسے حل کرنے کیلئے کوئی عملی کردار ادا نہیں کیا۔ کشمیریوں کے بنیادی حقوق کی بحالی اور اس اہم مسئلہ کو اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں کی روشنی میں حل کرانا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں حکومت پاکستان اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او ایجوکیشن اتھارٹی میاں اسماعیل نے کہا کہ آج کوئی پاکستانی قوم کشمیر ایشو کے حوالے سے ایک پیج پر ہے اور کسی بھی صورت میں کشمیری مسلمانوں کی حمایت سے دستبردار نہیں ہو گی۔ سیمینار کے اختتام پر کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دُعا کرائی گئی اور افواجِ پاکستان کے کردار کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔