ہفتہ، 7 ستمبر، 2019

حکومت نے کشمیر کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا

Image result for ameer ul azeem
خوشاب نیوز ڈاٹ کام) جماعت اسلامی پنجاب کے امیر امیر العظیم نے کہا ہے کہ ہماری جماعت دفاع وطن اور آزادی کشمیر کیلئے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ وہ جماعت اسلامی ضلع خوشاب کے زیر اہتمام مقامی ہوٹل میں ''دفاع پاکستان اور آزادی کشمیر کانفرنس'' سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے ضلعی امیر حافظ فداء الرحمن، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالوہاب ، جماعت اسلامی یوتھ ونگ کے ضلعی صدر حافظ تنویر سمیت کارکنوں و عہدیداروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ امیر العظیم کا کہنا تھا کہ آج کشمیر میں ظلم و بربریت کی داستانیں رقم ہو رہی ہیں اقوام متحدہ اور عالمی امن کے علمبردار خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہے ہیں۔ حکومت پاکستان نے بھی عملی طور پر کوئی قدم نہیں اٹھایا اُنھوں نے کہا کہ کشمیر مسلمان پاکستان کو اُمید کی کرن سمجھتے ہیں اس لئے ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اُنھیں اس نازک موقع پر تنہا نہ چھوڑیں۔ جماعت اسلامی وطن عزیز کی دفاع اور آزادی کشمیر کیلئے ہر قسم کی اخلاقی ، سماجی اور مالی جدوجہد جاری رکھے گی۔ اُنھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے سنجیدہ کردار ادا کرے۔ کانفرنس سے مولانا فداء الرحمن، مولانا عبدالوہاب اور حافظ تنویر نے بھی خطاب کیا کانفرنس کے اختتام پر اتفاق رائے سے ایک قرار داد پاس کی گئی ۔ جس میں بھارت کی جانب سے کشمیر کی مقبوضہ وادی میں نہتے مسلمانون پر ڈھائے جانیوالے مظالم کی بھرپور مذمت کی گئی اور وہاں پر نافذ کرفیو کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ قرار داد میں سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں کشمیری مسلمانوں کو اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا اختیار دینے کا بھی مطالبہ کی گیا۔