جمعہ، 6 ستمبر، 2019

ظالم کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو ،کربلا کے سامنے ٹھہر نہیں سکتا

Image result for hussain
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ممتاز عالم دین علامہ محی الدین کاظمی نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے مقدس ایام سید الشہداء حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثار ساتھیوں کی اسلام کی بقاء ، حق کی سربلندی اور باطل کے عزائم کو خاک میں ملانے کی خاطر دی جانیوالی قربانیوں کی یاد دلاتے ہیں۔ ہمیں چاہیے کہ شہدائے کربلا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے طاغوتی طاقتوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن جائیں ۔ امام بارگاہ عسکریہ غریب کالونی جوہرآباد میں عشرہ محرم کی مجلس عزا سے خطاب کے دوران اُنھوں نے کہاکہ کربلا کے مختصر لیکن بہادر قافلے کا درس ظلم کا مقابلہ صبر و شجاعت سے کرنا ہے۔ ظالم کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو کربلا کے سامنے نہیں ٹھہر سکتا ۔ اُنھوں نے کہا کہ آج درسِ کربلا پر عمل پیرا ہو کر کشمیری مجاہدین آزادی کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ نریندر مودی نے جنت نظیر علاقہ کشمیر کو عقوبت خانہ بنا رکھا ہے اور مسلمانوں کی نسل کشی کی جا رہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالم اسلام اور اسلامی یکجہتی کا نعرہ بلند کیا جائے اور پوری ملت اسلامیہ متحد ہو کر مظلوموں کی حمایت کرے۔ اُنھوں نے کہا کہ محرم تلوار پر خون کی فتح کا مہینہ ہے دُنیا میں اُٹھنے والی آزادی کی تمام تحریکوںکا مرکز و منبع کربلا ہے اور جو تحریک درسِ کربلا لیکر اٹھتی ہے وہ کبھی ناکام نہیں ہوتی۔