ہفتہ، 7 ستمبر، 2019

نو دس محرم الحرام کو ضلع خوشاب میں بھی موبائل سروس معطل ہوسکتی ہے

 خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ڈپٹی کمشنر خوشاب مسرت جبیں نے تمام محکموں کے سربراہان اور افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ محرم الحرام کے پلان کے مطابق اپنی اپنی ڈیوٹیاں انجام دیں - انہوں نے کہا کہ اگلے تین روز آٹھ،نو اور دس محرم بہت اہم ہیں اس لیے متعلقہ محکمہ جات الرٹ رہیں اور کسی بھی ایمر جنسی کال کا فوری ریسپانس دیں -ڈپٹی کمشنر اپنے آفس کے کمیٹی روم میں ڈسٹرکٹ ایمرجنسی بورڈ کے اجلاس کی صدارت کررہی تھیں -اجلاس میں اے ڈی سی (جی) نادیہ شفیق،اے ڈی سی (آر) عدیل حیدر،ڈسڑکٹ ایمر جنسی آفیسر ریسکیو 1122 ڈاکٹر نیئرعالم،اسسٹنٹ کمشنر خوشاب افتخار حسین بلوچ،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر امتیازاحمد مانگٹ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر امان اللہ قاضی،ڈسٹرکٹ سول ڈیفنس آفیسر معظم کے علاوہ اریگیشن،واپڈا اور پولیس وغیرہ کے افسران اور نمائندگان نے شرکت کی -ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کمپلیکس میں کنٹرول روم 24 گھنٹے فنکشنل رہے گا -انہوں نے میٹنگ کے شرکاء سے کہاکہ 9اور 10 محرم کو موبائل سروس معطل رہنے کا امکان ہے لہذٰا ایمر جنسی ضرورت کے وقت آفس کے لینڈ لائن نمبر پر رابطہ کیا جائیگا -اس لیے تمام دفاتر میں ٹیلی فون اٹنڈنٹ کی حاضری کو یقینی بنایا جائے -انہوں نے میونسپل کمیٹیوں کے سی اوز کو ہدایت کی کہ محرم کے دنوں میں بارش کی صورت میں ڈی واٹرنگ سیٹ کو فنکشنل رکھیں اور وافر مقدار میں ریت کی دستیابی ہونا بھی ضروری ہے -سی او ہیلتھ اتھارٹی کو ہدایت کی گئی کہ وہ اپنے پلان کے مطابق ڈاکٹروں کی حاضری کو یقینی بنائیں -نیز پانی کی سبیلوں کو لازمی چیک کیا جائے -سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کو رضاکار متحرک رکھنے کی ہدایت کی گئی -صدر اجلاس نے فرداًفرداً تما م محکموں کو ضروری ہدایت جاری کیں -