بدھ، 4 ستمبر، 2019

ڈی ایچ کیو ہسپتال تزئین وآرائش پر 40 کروڑ ضائع، ادویات غائب

Image result for ‫ملک مشتاق اعوان‬‎
  خوشاب نیوز ڈاٹ کام)حکومت پنجاب کی جانب سے محکمہ صحت کو فعال بنانے اور عوام کو صحت کی جدید سہولیات اُن کی دہلیز پر مہیا کرنے کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص ہونے کے باوجود ضلع خوشاب کے عوام کو سرکاری سطح پر صحت کی سہولیات میسر نہیں۔ ضلع خوشاب میں محکمہ صحت کی زیر نگرانی چلنے والے سب سے بڑے ادارے ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد میں ادویات کی قلت کے باعث مریضوں کو علاج معالجے میں شدید دشواریوں کا سامنا ہے اور وہاں پر زیر علاج مریض ادویات بازار سے خریدنے پر مجبور ہیں۔ محکمہ صحت کے ارباب اختیار اس صورتحال پر فوری توجہ مبذول کرے۔ ان خیالات کا اے این پی کے رہنما ملک مشتاق احمد اعوان نے اخبار نویسوں سے بات چیت کے دوران کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال جوہرآباد کی عمارت کی تزئین و آرائش پر چالیس کروڑ روپے سے زائد خرچ کر دیئے گئے لیکن وہاں پر ادویات فراہم نہیں کی گئیں۔ ہسپتال کی دیدہ زیب عمارت محض ایک تفریح گاہ بنی ہوئی ہے جس سے مریضوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچتا۔ اُنھوں نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے استدعا کی کہ ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال جوہرآباد میں مریضوں کو سرکاری سطح پر ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں۔