اتوار، 1 ستمبر، 2019

کشمیر کی آزادی کے لیے عزم حسینی لے کر اٹھنا ہوگا،علامہ صدر رضا کاظمی

Image result for allama safdar raza kazmi
خوشاب نیوز ڈاٹ کام)ممتاز عالم دین علامہ صفدر رضا کاظمی نے کہا ہے کہ عصر حاضر میں کربلا کو سمجھنے اور کردارِ حسینی کو اپنا کر باطل قوتوں کے عزائم نیست و نابود کرنے کی ضرورت ہے۔ اگر ہم کربلا کے اصلی مقاصد اور امام حسین علیہ السلام کے حقیقی اہداف کو سامنے رکھ کر اپنی زندگی گزاریں تو دُنیا کی کوئی بھی طاقت مسلمانوں کو زیر نہیں کر سکتی۔ وہ آستانہ علامہ جوہر نظامی حسینی سٹریٹ بلاک نمبر1میں منعقدہ عشرہ محرم الحرام کی پہلی مجلس سے خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہا کہ شہید کربلا حضرت امام حسین علیہ السلام نے اس وقت قیام کیا جب ہر طرف ظلم و ستم کی گھٹائیں چھائی ہوئی تھیں پوری انسانیت ظلم و بربریت کا شکار تھی، عدل سسکیاں لے رہا تھا اور زبانوں پر تالے پڑے ہوئے تھے۔ مولا حسین نے اس وقت آوازِ حق بلند کی جب آمریت کی زنجیریں انسانیت کوجکڑے ہوئے تھیں۔ انسانی اقدار کی بے حرمتی کی جا رہی تھی کتابِ خدا کو پس پشت ڈال کر سنت رسولۖ کو ختم کیا جا رہا تھا۔ ان حالات میں امام حق عشق و وفا کے پیکر اور دُکھی انسانیت کے مسیحا اپنے خون سے انسانیت کے زخم کا مداوا کرنے کیلئے اٹھے اور اس انداز میں دین محمدی کا تحفظ کیا کہ آپ کا قیام اسلام کی حیات کا ضامن بن گیا۔ اُنھوں نے کہا کہ آج کشمیر کی مقبوضہ وادی میں بھارتی مسلمانوں پر ڈھائے جانیوالے مظالم اور فلسطین میں یہودیوں کے مظالم و بربریت ایک بار پھر کربلائے عصر کی یاد تازہ کر رہے ہیں۔ اس صورتحال میں ہمیں عزم حسینی لے کر اٹھنا ہوگا اور باطل قوتوں کے سامنے سینہ سپر ہو کر کردارِ حسینی ادا کرنا ہوگا۔ مجلس عزا سے ذاکر خان الیاس خان اور شاعر اہلبیت راجہ مظفر حسن منصور نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں آستانہ علامہ جوہر نظامی میں خواتین کیلئے بھی مجلس عزا منعقد کی گئی جس میں دُختران ملت جعفریہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔